محکمہ صحت نے صوبے کے مختلف اضلاع میں فکسڈ پے پر تعینات تقریبا184 میڈیکل آفیسرز، ڈینٹل سرجنز اور نرسز کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے ڈیوٹی سے غیر حاضری اور جائے تعیناتی پر رپورٹ نہ کرنے کے حوالے سے وضاحت طلب کر لی ہے
سیکرٹری صحت کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق متعلقہ ضلعی ہیلتھ آفیسرز اور ڈائریکٹر انڈی پنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کی رپورٹس میں متعدد ڈاکٹرز اور طبی عملے کی غیر حاضری اور ڈیوٹی سٹیشن پر عدم آمد کی نشاندہی کی گئی ہے
نوٹس میں متعلقہ اہلکاروں کو 7 روز کے اندر یعنی 23 نومبر تک اپنا تحریری موقف پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہیں واٹس ایپ نمبر یا محکمہ صحت کی سرکاری ای میل پر وضاحت جمع کرانے کا کہا گیا ہے
محکمہ صحت نے متعلقہ ملازمین سے یہ بھی وضاحت طلب کی ہے کہ خیبر پختونخوا ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کنٹریکٹ اپائنٹمنٹ آف ڈاکٹرز فکسڈ پے رولز 2022 کے تحت ان کے معاہدے ختم کرنے کی کارروائی کیوں نہ کی جائے
نوٹس میں شامل تقریبا 184 افراد صوبے کے مختلف اضلاع میں بنیادی مراکز صحت، تحصیل ہیڈکوارٹرز، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اور کیٹگری ڈی ہسپتالوں میں تعینات ہیں ان کا تعلق باجوڑ، چارسدہ، ڈیرہ اسماعیل خان، مردان، صوابی، بنوں، ایبٹ آباد، ہنگو، کرم، کرک، پشاور، دیر، چترال، مہمند اور دیگر اضلاع سے ہے
آئی ایم یو کی رپورٹس میں بیشتر ملازمین کا سٹیٹس جائے تعیناتی پر نہ پہنچنے یا ڈیوٹی جوائن نہ کرنے جبکہ بعض کا باقاعدہ غیر حاضر درج کیا گیا ہے۔