سید ولایت شاہ کو صرف 90روزہ ڈی نوو انکوائری کے مقصد کیلئے سروس میں بحال کرنے کا حکم
نصیراللہ بابا میموریل ہسپتال کے ایم ایس کے مستقل نوعیت کے آرڈر پر سوالات اٹھ گئے
پشاور (سپیشل رپورٹر)محکمہ صحت خیبر پختونخوا میں ایک اہم انتظامی معاملہ سامنے آگیا ہے سابق چیف ڈرگ انسپکٹر سید ولایت شاہ کی سروس میں محدود مقاصد کیلئے بحالی کے حکومتی حکم کے باوجود نصیراللہ بابا میموریل ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے ان کے حوالے سے مستقل نوعیت کا آرڈر جاری کئے جانے کا معاملہ توجہ کا مرکز بن گیا ہے
محکمہ صحت کے مطابق سید ولایت شاہ کو خیبر پختونخوا سروس ٹربیونل کے فیصلے کی روشنی میں صرف ڈی نوو انکوائری کے محدود مقصد کیلئے فوری طور پر سروس میں بحال کیا گیا ہے
ٹربیونل نے 20اپریل 2026کے فیصلے میں ان کی سروس اپیل جزوی طور پر منظور کرتے ہوئے نئی انکوائری 90روز کے اندر مکمل کرنے کا حکم دیا تھا
سید ولایت شاہ کو ماضی میں نااہلی، بدعنوانی اور کرپشن کے الزامات کے تحت محکمانہ کارروائی کے بعد ملازمت سے برطرف کیا گیا تھا جس کی مجاز اتھارٹی نے بھی توثیق کردی تھی
تاہم سروس ٹربیونل کے فیصلے کے بعد حکومت نے انہیں صرف نئی انکوائری کے انعقاد اور تکمیل کے محدود مقصد کے لئے بحال کرنے کا حکم جاری کیا
ذرائع کے مطابق اس حکومتی نوٹیفکیشن کے بعد نصیراللہ بابا میموریل ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے سید ولایت شاہ کے حوالے سے مستقل نوعیت کا آرڈر جاری کیا گیا ہے۔