پشاور:سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات میں بزنس مین گروپ نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے کارپوریٹ اور ایسوسی ایٹ کلاس کی تمام 20 نشستیں جیت لیں۔
انتخابی نتائج کے مطابق بزنس مین گروپ کے امیدواروں نے کارپوریٹ کلاس کی 10اور ایسوسی ایٹ کلاس کی 10نشستوں پر کامیابی حاصل کی، یوں گروپ نے مجموعی طور پر تمام 20 نشستیں اپنے نام کرلیں۔
کامیاب امیدواروں کے حامیوں کی جانب سے کامیابی پر جشن منایا جا رہا ہے جبکہ مبارکبادوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
قبل ازیں سرحد چیمبر آف کامرس کے انتخابات میں لڑائی جھگڑوں اور ہنگامہ آرائی کے بعد پولنگ کا عمل مکمل ہوا تھا۔ پولنگ شام 5 بجے
تک جاری رہی، جس کے بعد ووٹنگ مکمل ہوتے ہی ووٹوں کی گنتی شروع کردی گئی تھی۔
انتخابات میں اصل مقابلہ غضنفر بلور اور حاجی غلام علی کے گروپوں کے درمیان تھا۔ پولنگ کے دوران دونوں گروپوں کے ارکان کے درمیان تلخ کلامی اور جھگڑا بھی ہوا۔
ذرائع کے مطابق دونوں گروپوں کے ارکان نے ایک دوسرے پر مبینہ جعلی ووٹ ڈلوانے کے الزامات عائد کیے، جس کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی۔
جھگڑے کے دوران مبینہ طور پر ہوائی فائرنگ بھی کی گئی، جس سے موقع پر حالات بے قابو ہوگئے۔ صورتحال کشیدہ ہونے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور دونوں گروپوں کے درمیان معاملہ رفع دفع کرایا۔
بعد ازاں ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے پر بزنس مین گروپ نے کارپوریٹ اور ایسوسی ایٹ کلاس کی تمام 20 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی۔