پشاور(نیوزرپورٹر)خیبرپختونخوا بار کونسل کی درخواست پر اہم پیش رفت، پشاور ہائیکورٹ کو آرٹیکل 199 کے تحت آئینی درخواستوں کی سماعت کی اجازت مل گئی، تاہم آرٹیکل 232، 234، 245 اور تھری ایم پی او سے متعلق معاملات اس سے مستثنی ہوں گے۔
خیبرپختونخوا بار کونسل کے مطابق وفاقی آئینی عدالت نے 5 نومبر کے اپنے سابقہ حکم میں ترمیم کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ کو دیگر آئینی معاملات کی سماعت اور فیصلے کا اختیار بحال کردیا ہے۔
یہ پیش رفت خیبرپختونخوا بار کونسل کی جانب سے دائر کردہ فریق بننے کی درخواست پر سماعت کے دوران ہوئی۔
بار کونسل کے وائس چیئرمین محمد رفیق مہمند ایڈووکیٹ کی زیر صدارت 7 نومبر کو ہونے والے اجلاس میں متفقہ فیصلے کے تحت بابر خان یوسفزئی ایڈووکیٹ کے ذریعے وفاقی آئینی عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی، جس میں مقف اختیار کیا گیا کہ ہائیکورٹ کے آئینی اختیارات پر پابندی عوام کے بنیادی حقوق اور انصاف تک رسائی کو متاثر کرتی ہے۔
بار کونسل کے مطابق عدالت نے درخواست اور وکلا کے دلائل سننے کے بعد سابقہ حکم میں ترمیم کی، جس کے نتیجے میں پشاور ہائیکورٹ کو آرٹیکل 199 کے تحت دیگر آئینی معاملات سننے کی اجازت مل گئی ہے۔
خیبرپختونخوا بار کونسل نے اس پیش رفت کو عوام کے بنیادی حقوق، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لیے اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئینی اختیارات، عدلیہ کی آزادی اور عوام کو انصاف کی فراہمی کے تحفظ کے لیے قانونی و آئینی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
بار کونسل نے 10 نومبر کو عدالتی کارروائیوں کے مکمل بائیکاٹ کو بھی اسی احتجاج کا حصہ قرار دیا۔