ویب ڈیسک: وفاق اور صوبائی حکومت کے درمیان نیا معاہدہ طے ، معاہدے کے تحت سالانہ بنیادوں پر خیبر پختونخوا کے 157 ارب روپے وفاق کو ملیں گے، اور صوبے کے قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) حصے سے رقم کی فراہمی عبوری مالیاتی انتظام کے تحت کی جائے گی۔
معاہدے کے بعد خیبر پختونخوا کو اپنے حصے سے وفاق کو رقم فراہم کرنا ہوگی، جبکہ اس سے قبل صوبائی حکومت اس ادائیگی کی مخالفت کرتی رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ معاہدہ آئین کے آرٹیکل 164 کے تحت کیا گیا ہے، جو وفاقی حکومت کو صوبوں کو گرانٹ فراہم کرنے کا اختیار دیتا ہے، اس انتظام کو عبوری قرار دیا گیا ہے، جبکہ سالانہ 157 ارب روپے کی رقم معاہدے میں شامل کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال جولائی سے اکتوبر کے دوران خیبر پختونخوا کے این ایف سی حصے سے 17 ارب 80 کروڑ روپے پہلے ہی منہا کیے جا چکے ہیں۔
وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان طے پانے والے نئے معاہدے کے تحت اب صوبہ اپنے حصے سے سالانہ 157 ارب روپے فراہم کرے گا، اس طرح پہلے ہونے والی کٹوتیوں کے بعد مالی معاملات کو باقاعدہ معاہدے کے تحت آگے بڑھانے کا راستہ اختیار کیا گیا ہے۔
وفاقی حکومت نے چاروں صوبوں کے لیے مالیاتی رقوم کا تعین بھی کیا ہے، جس کے مطابق پنجاب سے 556 ارب روپے، سندھ ستے 264 ارب روپے، خیبرپختونخوا سے 157 ارب روپے، بلوچستان سے 58 ارب روپے ملیں گے۔
یہ رقوم قومی سلامتی اور اہم قومی ترقیاتی منصوبوں کے اخراجات کے لیے فراہم کی جائیں گی۔ وفاقی حکومت کے مطابق صوبوں کی یہ مالی معاونت قومی ترجیحات کے لیے ضروری ہے۔
معاہدے میں واضح کیا گیا ہے کہ ساتویں قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کے تحت صوبوں کے آئینی مالیاتی حصوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی، وفاق اور صوبوں کے درمیان موجودہ مالیاتی تقسیم کا طریقہ آٹھویں این ایف سی ایوارڈ کی منظوری تک برقرار رہے گا۔
معاہدے کے تحت وفاقی حکومت صوبوں کو معمول کے مطابق ماہانہ مالیاتی حصہ منتقل کرے گی، جبکہ طے شدہ رقم سے زائد ادائیگی کو وفاقی حکومت براہ راست منہا کرکے صوبائی گرانٹ تصور کرے گی۔
خیبر پختونخوا اور وفاق کے درمیان یہ معاہدہ صوبے میں گورنر راج کے نفاذ اور 11 رکنی ایڈوائزری کونسل کے قیام کے بعد طے پایا ہے، ایڈوائزری کونسل گورنر فیصل کریم کنڈی کی معاونت سے صوبائی معاملات چلا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں قائم صوبائی حکومت نے وفاق کو اس ادائیگی کی مخالفت کی تھی اور معاہدے پر دستخط کے لیے بانی تحریک انصاف سے ملاقات کی شرط رکھی تھی، تاہم وفاق نے جولائی سے اکتوبر کے دوران صوبے کے این ایف سی حصے سے رقم منہا کرنا جاری رکھی۔
اب نئے عبوری معاہدے کے ذریعے سالانہ خیبرپختونخوا کے 157 ارب روپے کی مالی معاونت کو باقاعدہ شکل دے دی گئی ہے۔ اس پیش رفت کے بعد صوبے کے مالیاتی اختیارات، این ایف سی وسائل اور وفاقی و صوبائی تعلقات کا معاملہ مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے۔