ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (AHTC) پشاور نے بیرونِ ملک ملازمت کے نام پر شہریوں سے مبینہ فراڈ میں ملوث ایجنٹ شیان خان، سکنہ لنڈ خوڑ، ضلع مردان، کو گرفتار کر لیا۔
ملزم کے خلاف ایف آئی آر نمبر 57/2026 درج ہے، جس میں دبئی کا سیکیورٹی گارڈ ورک ویزا فراہم کرنے کے بہانے شہری سے 5 لاکھ 50 ہزار روپے وصول کرنے کا الزام ہے۔
ایف آئی آر نمبر 140/2026 میں ملزم پر عمان کا ورک ویزا فراہم کرنے کے نام پر شہری سے 4 لاکھ 70 ہزار روپے وصول کرنے اور وعدے کے مطابق ویزا فراہم نہ کرنے کا الزام ہے۔
دونوں مقدمات میں مجموعی طور پر 10 لاکھ 20 ہزار روپے کی مبینہ فراڈ کی رقم سامنے آئی ہے۔
ملزم کے خلاف اسی نوعیت کی دیگر انکوائریاں اور مقدمات بھی ایف آئی اے اے ایچ ٹی سی پشاور میں زیرِ تفتیش ہیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق بیرونِ ملک ملازمت کے جھوٹے وعدوں کے ذریعے شہریوں سے رقوم بٹورنے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
ایف آئی اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بیرونِ ملک ملازمت کے لیے کسی بھی ایجنٹ کو رقم دینے سے قبل اس کی قانونی حیثیت اور متعلقہ دستاویزات کی تصدیق ضرور کریں۔