سوات: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کبل پولیس اسٹیشن خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے ڈاکٹر معاذ کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں انہوں نے شہید کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی، فاتحہ خوانی کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے شہید ڈاکٹر معاذ کے خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اس مشکل گھڑی میں غمزدہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ شہید ڈاکٹر معاذ اپنے خاندان میں پانچ بہنوں کے اکلوتے بھائی تھے۔ ان کی شہادت پر اہلِ خانہ سمیت پورا علاقہ سوگوار ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔
وزیراعلیٰ نے شہید کی خدمات اور قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جان قربان کرنے والوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور حکومت شہداء کے خاندانوں کی ہر ممکن معاونت جاری رکھے گی۔