خیبر پختونخوا میں سرکاری طبی افسران کی حاضری یقینی بنانے کیلئے محکمہ صحت نے کارروائی تیز کردی ہے
مسلسل غیر حاضر میڈیکل افسران کی فہرست تیار کرلی گئی جبکہ جنرل ڈیوٹی پر تعینات ڈاکٹرزکی حیثیت کی تصدیق کے بعد جنرل ڈیوٹیاں ختم کرنے کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے
9 جون 2026کو ہونے والی ڈی ایچ او کانفرنس کے فیصلوں پر عملدرآمد کے جائزے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز کو جنرل ڈیوٹی ڈاکٹرز کی حیثیت کی تصدیق کرکے جنرل ڈیوٹیاں منسوخ کرنے کی ہدایت دی گئی تھی
اس سلسلے میں تمام ڈی ایچ اوز کو خطوط ارسال کئے جاچکے ہیں تاہم ان کے جوابات کا انتظار ہے
محکمہ صحت کے مطابق غیر حاضری پر تنخواہوں یا دیگر مالی معاملات میں کٹوتی کے حوالے سے فنانس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے واضح رہنما اصول پہلے ہی جاری کئے جاچکے ہیں جبکہ مسلسل غیر حاضر میڈیکل افسران کی تصدیق شدہ فہرست بھی آئی ایم یو نے ڈی جی ہیلتھ سروسز کو فراہم کردی ہے اب یہ فہرست مزید کارروائی کیلئے سیکرٹریٹ کو ارسال کی جائے گی
دوسری جانب مسلسل غیر حاضر طبی افسران کے معاملے کا جائزہ لینے کیلئے سپیشل سیکرٹری ای اینڈ اے، ڈائریکٹر آئی ایم یو اور ڈائریکٹر ایچ آر پر مشتمل کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن تاحال جاری نہیں ہوسکا
اس سلسلے میںمحکمہ صحت نے واضح کردیا ہے کہ ہسپتالوں اور مراکز صحت میں ڈاکٹرز کی دستیابی اور حاضری کو یقینی بنانا ترجیح ہے جبکہ غیر حاضری اور غیر ضروری جنرل ڈیوٹی کے معاملات کو اب نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔