پشاور میں قائم نجی منشیات بحالی مرکز میں ایک نوجوان کی پراسرار موت کا واقعہ پیش آیا ہے، جس پر پولیس نے مبینہ قتل کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق تھانہ فقیرآباد میں مقتول کے والد کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان کا بیٹا نشے کا عادی تھا، جسے علاج کے لیے 15 روز قبل بحالی مرکز میں داخل کیا گیا تھا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق والد نے الزام عائد کیا کہ بحالی مرکز میں موجود 3 افراد نے مبینہ تشدد کر کے ان کے بیٹے کو قتل کیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ 4 جولائی کو پیش آیا، جبکہ اطلاع ملنے کے بعد مقدمہ درج کر کے واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایک مبینہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ موت کی اصل وجہ اور ذمہ دار افراد کا تعین کیا جا سکے۔