پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے پارٹی قیادت کو لانگ مارچ ملتوی کرنے کا مشورہ دے دیا، اور اس حوالے سے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کو خط لکھ کرمعاملے سے آگاہ کر دیا۔
سابق صوبائی وزیر نے خط میں موجودہ سیاسی اور سکیورٹی صورتحال کے حوالے سے اپنی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے مذاکرات اور ریاست سے ٹکراؤ کے بجائے بات چیت کی راہ اختیار کرنے کی تجویز دی ہے۔
شوکت یوسفزئی نے پارٹی چیئرمین کے نام خط میں مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ حالات انتہائی حساس ہیں اور پارٹی کو اپنی آئندہ حکمت عملی ملک کی صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے طے کرنی چاہیے۔
ان کے مطابق وفاقی حکومت لانگ مارچ کے باعث دباؤ محسوس کر رہی ہے اور ایسے حالات میں خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف اقدامات کیے جانے کا خدشہ ہے۔
شوکت یوسفزئی نے خط میں خدشہ ظاہر کیا کہ بعض معاملات کو بنیاد بنا کر خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی کوشش کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ افغانستان کی جانب سے پاکستان پر کسی ممکنہ حملے کو بھی صوبائی حکومت کے خلاف کارروائی کے لیے جواز کے طور پر استعمال کیے جانے کا خدشہ ہے۔