کوئٹہ: کوئلہ کان میں دھماکے سے شانگلہ کے 34 کان کن جاں بحق، ریسکیو آپریشن جاری
کوئٹہ کے علاقے سورینج اور اسپین کاریز میں واقع کوئلہ کانوں میں ہونے والے المناک دھماکے کے نتیجے میں ضلع شانگلہ سے تعلق رکھنے والے 34 کان کن جاں بحق ہوگئے، جبکہ ریسکیو ٹیموں کی جانب سے متاثرہ کانوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں شانگلہ کے علاقے الپوری کے ایک ہی گاؤں سے تعلق رکھنے والے 22 افراد بھی شامل ہیں، جس کے باعث پورے علاقے میں کہرام مچ گیا ہے اور درجنوں خاندان سوگ کی کیفیت میں مبتلا ہیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے متعدد لاشیں کان سے نکال لی ہیں جبکہ دیگر کان کنوں کی تلاش کا عمل بھی جاری ہے۔
حادثے کے بعد شانگلہ بھر میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے اور مختلف علاقوں میں تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ جاں بحق کان کن محنت مزدوری کی غرض سے بلوچستان گئے تھے، تاہم یہ سفر ان کی زندگی کا آخری سفر ثابت ہوا۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی میتیں آج شام تک ان کے آبائی علاقوں میں پہنچائے جانے کا امکان ہے، جہاں ان کی نماز جنازہ اور تدفین کی جائے گی۔
دوسری جانب اس افسوسناک سانحے کے بعد کوئلہ کانوں میں حفاظتی انتظامات اور مزدوروں کے تحفظ سے متعلق سوالات بھی ایک بار پھر اٹھنے لگے ہیں۔
عوامی حلقوں نے مرحومین کے لیے مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔