خیبر پختونخوا حکومت کا مالیاتی منصوبہ تیار، جس کے تحت مالی سال 2032 تک نئی اصلاحاتی حکمت عملی منظور کر لی، جس کے تحت 65 ارب سے بڑھا کر صوبائی ٹیکس آمدن 160 ارب روپے سے زائد کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت صوبائی ٹیکس وصولیوں میں کم از کم 150 فیصد اضافے کی تیاری کی گئی ہے۔
محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ پبلک فنانشل مینجمنٹ اینڈ ریونیو موبلائزیشن ریفارمز سٹریٹجی میں ٹیکس نظام کو جدید بنانے، محصولات کا دائرہ وسیع کرنے اور سرکاری اخراجات میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے متعدد اصلاحاتی اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔
حکمت عملی کے تحت محکمہ خزانہ میں نیا ٹیکس پالیسی یونٹ قائم کیا جائے گا، جبکہ نادرا اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے تعاون سے مشترکہ ٹیکس دہندہ شناختی نمبر کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔
اس کے علاوہ خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی، بورڈ آف ریونیو اور محکمہ ایکسائز کے ڈیٹا بیس کو آپس میں منسلک کیا جائے گا تاکہ ٹیکس چوری کی روک تھام، ٹیکس دہندگان کی درست نشاندہی اور سرکاری آمدنی میں اضافے کو ممکن بنایا جا سکے۔
صوبائی حکومت نے محصولات بڑھانے کے لیے مزید شعبوں کو بھی خدمات پر سیلز ٹیکس کے دائرے میں لانے کی تجویز دی ہے۔
ان شعبوں میں ہسپتال، پیشہ ورانہ خدمات، رئیل سٹیٹ اور ٹرانسپورٹ شامل ہیں، اس کے ساتھ شہری جائیدادوں کا ٹیکس نظام ڈیجیٹل بنایا جائے گا اور جائیداد کی سرمایہ جاتی قدر کی بنیاد پر ٹیکس وصولی کا نظام مرتب کیا جائے گا۔
زرعی انکم ٹیکس کی وصولی بہتر بنانے کے لیے اراضی کا ریکارڈ بھی ڈیجیٹل نظام سے منسلک کیا جائے گا، جبکہ معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں پیداوار کی براہ راست نگرانی کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
اصلاحاتی حکمت عملی میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کے غیر تنخواہ جاتی بجٹ کو تحفظ دینے کی تجویز بھی شامل ہے، تاکہ مالی سال کے دوران ادویات، درسی کتب اور سکولوں کے گرانٹس کے لیے مختص فنڈز میں کٹوتی نہ کی جا سکے۔
منصوبے کے تحت ان فنڈز کی منتقلی براہ راست متعلقہ اداروں کی سطح پر کی جائے گی، جبکہ اخراجات کی نگرانی کے لیے صحت اور تعلیم کے ڈیجیٹل ڈیٹا نظام سے مدد لی جائے گی۔
اس اقدام کا مقصد عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مختص بجٹ کو دیگر اخراجات میں منتقل ہونے سے روکنا اور متعلقہ اداروں کی مالی ضروریات پوری کرنا ہے۔
حکومت نے ترقیاتی منصوبوں اور بجٹ سازی کو مستند اعدادوشمار سے منسلک کرنے کے لیے کے پی ڈویلپمنٹ ڈیٹا ہب قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
اس کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی اور بجٹ سازی میں مستند ڈیٹا استعمال کیا جائے گا، جبکہ اصلاحاتی اقدامات پر عمل درآمد اور ان کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم ہوگی۔
کمیٹی وزیر یا مشیر خزانہ کی سربراہی میں کام کرے گی اور ہر تین ماہ بعد اصلاحاتی اقدامات پر عمل درآمد، محصولات میں اضافے اور مالیاتی اہداف کی پیش رفت کا جائزہ لے گی۔