اسلامیہ کالج پشاور کی ٹیچنگ سٹاف ایسوسی ایشن نے سرکاری جامعات کے ملازمین کو ڈسپیرٹی ریڈکشن الاؤنس (DRA) 2022 اور 2025 کی عدم ادائیگی پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کو درخواست ارسال کر دی، جس میں دونوں الاؤنسز کی منظوری، بقایاجات کی ادائیگی اور معاملے کے حل کے لیے واضح مدت مقرر کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ٹیچنگ اسٹاف ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر صلاح الدین کی جانب سے بھیجی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ صوبائی حکومت نے مہنگائی کے اثرات کم کرنے کے لیے ڈسپیرٹی ریڈکشن الاؤنسز کا اعلان کیا تھا، تاہم سرکاری جامعات کے ملازمین تاحال ان سہولیات سے محروم ہیں، جس کے باعث ملازمین میں عدم مساوات کا احساس بڑھ رہا ہے۔
درخواست کے مطابق محکمہ خزانہ نے 12 اپریل 2022 کو بنیادی تنخواہ کے اسکیلز 2017 کی بنیاد پر 15 فیصد ڈسپیرٹی ریڈکشن الاؤنس کی منظوری دی تھی، جس کا اطلاق یکم مارچ 2022 سے ہونا تھا۔ تاہم ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سرکاری جامعات کے ملازمین کو تاحال اس الانس کی ادائیگی نہیں کی گئی۔
درخواست میں 2025 کے ڈسپیرٹی ریڈکشن الاؤنس کا معاملہ بھی اٹھایا گیا ہے۔
اس حوالے سے یکساں پالیسی مرتب کرنے کے لیے مرکزی سینیٹ اسٹینڈنگ کمیٹی قائم کی گئی تھی، تاہم ایسوسی ایشن کے مطابق کمیٹی کی حتمی سفارشات اور پالیسی فیصلے سے ملازمین کو آگاہ نہیں کیا گیا۔
ڈاکٹر صلاح الدین نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ کمیٹی کی موجودہ صورتحال اور سفارشات سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں، دونوں الاؤنسز کی ادائیگی کے لیے پالیسی فیصلے کے عمل کو تیز کیا جائے اور اہل ملازمین کو متعلقہ تاریخوں سے بقایاجات ادا کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔
درخواست میں یہ تجویز بھی پیش کی گئی ہے کہ متعلقہ محکموں کو معاملے کے حل کے لیے واضح مدت دی جائے، تاکہ ملازمین کو غیر یقینی صورتحال سے نکالا جا سکے۔
ٹیچنگ سٹاف ایسوسی ایشن نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو اسلامیہ کالج پشاور میں ایک مشاورتی اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی ہے۔
اجلاس کا مقصد سرکاری جامعات کو درپیش مالی مسائل، ملازمین کی فلاح و بہبود اور اعلی تعلیم کے شعبے کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔
ایسوسی ایشن نے امید ظاہر کی ہے کہ گورنر کی مداخلت سے ڈسپیرٹی ریڈکشن الاؤنسز کی ادائیگی سے متعلق معاملے کو آگے بڑھانے اور سرکاری جامعات کے ملازمین کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔