اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس (ایچ ایم سی) میں حالیہ بھرتیوں سے متعلق شکایت پر تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے اہم ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے ایچ ایم سی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے حالیہ بھرتیوں سے متعلق مکمل دستاویزات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مراسلے میں ادارے میں تین اعلیٰ عہدوں پر کی جانے والی بھرتیوں کا ریکارڈ طلب کیا گیا ہے، جن میں چیف انٹرنل آڈیٹر، ڈائریکٹر فنانس اور ڈائریکٹر پروکیورمنٹ کے عہدے شامل ہیں۔
اینٹی کرپشن نے بھرتیوں سے متعلق اشتہار، اسکریننگ لسٹ، میرٹ لسٹ، شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں کی تفصیلات، انٹرویو ریکارڈ اور سلیکشن کمیٹی کی کارروائی کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں۔
اس کے علاوہ منتخب امیدواروں کی تعلیمی اسناد، تجربہ سرٹیفکیٹس، تمام متعلقہ نوٹیفکیشنز اور آفس آرڈرز بھی فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ کارروائی مبینہ بے ضابطگیوں اور کرپشن سے متعلق موصول ہونے والی شکایت کی بنیاد پر شروع کی گئی ہے، جبکہ اینٹی کرپشن قواعد 1999 کے تحت ریکارڈ طلبی کا مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق تحقیقات کے دوران بھرتیوں کے تمام مراحل کا جائزہ لیا جائے گا اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔