پشاور کے علاقے شیخان میں مقامی افراد نے مبینہ طور پر قبروں سے بچیوں کی لاشیں نکالنے والے ایک شخص کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔
مقامی لوگوں کے مطابق ملزم گزشتہ ایک ماہ سے مختلف قبروں کو کھود کر بچیوں کی لاشیں نکال رہا تھا۔
مقامی افراد کا دعویٰ ہے کہ آج صبح ملزم کو اس وقت رنگے ہاتھوں پکڑا گیا جب وہ ایک قبر کھود کر بچی کی لاش نکال رہا تھا۔
مقامی افراد نے ملزم کو شیخان چوکی پولیس کے حوالے کردیا، جس کے بعد پولیس نے اسے مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ بڈھ بیر منتقل کردیا۔
مقامی لوگوں نے دعوی کیا ہے کہ گرفتار شخص افغان شہری ہے، تاہم اس کی قومیت اور قبروں سے لاشیں نکالنے کے الزام کی پولیس کی جانب سے باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ ملزم سے تفتیش کے بعد مزید حقائق سامنے آنے کا امکان ہے۔