جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے دعوی کیا ہے کہ اعلی سطحی حکومتی شخصیات نے انہیں براہِ راست بتایا ہے کہ فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام غلط فیصلہ تھا اور اسے ختم کرکے سابقہ حیثیت بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پشاور میں خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ یہ ملک اور سرزمین اللہ کی عطا کردہ نعمت اور قوم کے ہاتھ میں امانت ہے، اس امانت کا تقاضا ہے کہ سرزمین کی حفاظت، خوشحالی اور ترقی کے لیے دیانت داری سے کام کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ایک طویل عرصے سے قبائلی علاقوں، جنہیں پہلے فاٹا کہا جاتا تھا، کو دوبارہ اسی سابقہ پوزیشن پر لانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور ان علاقوں کو ایک تجربہ گاہ بنایا ہوا ہے۔
ان کے مطابق فاٹا کے مستقبل سے متعلق ان کا سیاسی موقف دلیل پر مبنی رہا ہے، جبکہ حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ عوام کے ذہنوں میں پیدا ہونے والے سوالات اور خدشات دور کریں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اختلافِ رائے رکھنے والوں کے سوالات کے جواب دینے کے بجائے سیاسی ماحول کو الزام تراشی اور کردار کشی کے ذریعے خراب کیا جاتا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں اعلیٰ سطحی حکومتی شخصیات نے براہِ راست کہا ہے کہ فاٹا کا انضمام ختم کرکے اس کی سابقہ حیثیت بحال کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب ماضی میں انضمام کے معاملے پر انہوں نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا تو انہیں الزامات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم اب دوبارہ اسی فیصلے کو ختم کرنے کی باتیں سامنے آ رہی ہیں۔
جے یو آئی سربراہ نے سوال اٹھایا کہ ماضی میں فاٹا کے انضمام کا فیصلہ کس بڑی قوت کے کہنے پر کیا گیا تھا اور اب قبائلی علاقوں کو دوبارہ وفاق کے زیرِ انتظام لانے کی کوشش کس کے مفاد میں کی جا رہی ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اس وقت فاٹا کے عوام کے سیاسی اور آئینی مستقبل کا فیصلہ کیا جا رہا تھا اور ان کا مقف تھا کہ حالات انضمام کے لیے موزوں نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انضمام کے تقریبا دس سال گزرنے کے باوجود قبائلی علاقوں میں بندوبستی نظام مکمل طور پر قائم نہیں ہو سکا۔
ان کے بقول پٹواری نظام متعارف نہیں کرایا جا سکا، قانون نافذ کرنے کا نظام مثر نہیں بنایا گیا، کئی پشتوں سے چلی آنے والی اجتماعی ملکیتی جائیدادوں کی تقسیم کا معاملہ حل نہیں ہوا اور نہ ہی پولیس کو منظم کیا جا سکا،وہاں تعینات ڈپٹی کمشنر کو بھی انتظامی معاملات میں مشکلات کا سامنا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج مسئلہ صرف سیاسی یا آئینی نہیں بلکہ فاٹا کے وسائل اور معیشت کا بھی ہے، اس لیے ماضی کے فیصلوں اور موجودہ صورتحال کا جائزہ الگ الگ تناظر میں لیا جانا چاہیے۔