خیبر پختونخوا میں ربیع سیزن کے دوران گندم کی کاشت ایک اہم مرحلے میں داخل ہو گئی ہے تاہم یوریا اور دیگر کھادوں کی سپلائی میں رکائوٹ نے کسانوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں کھاد کی بروقت عدم دستیابی کے باعث گندم کی کاشت اور فی ایکڑ پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے
رپورٹس کے مطابق وزارت داخلہ کی پابندیوں کے باعث کھاد کمپنیوں کی جانب سے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو سپلائی متاثر ہوئی ہے یہ صورتحال ایسے وقت سامنے آئی ہے جب کسانوں کو گندم کی بوائی کیلئے معیاری بیج، یوریا اور ڈی اے پی کی ضرورت ہے وفاقی وزارت قومی غذائی تحفظ کے حکام کے مطابق ربیع سیزن کیلئے خیبر پختونخوا میں فی بوری 5ہزار روپے کی مالیت کی کھاد بطور اعانت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ وفاقی سطح پر ڈی اے پی کھاد کی 50ہزار ٹن درآمد کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ رواں سیزن کیلئے گندم کی امدادی قیمت 4ہزار 5سوروپے فی 40کلوگرام مقرر کی گئی ہے
کسان تنظیموں کا کہنا ہے کہ کھاد کی سپلائی میں رکائوٹ اور بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کے باعث چھوٹے کاشتکار سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے محکمہ زراعت نے بھی کھاد اور گندم کے بیج کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے اگر نومبر کے اہم کاشتکاری مرحلے میں سپلائی بحال نہ ہوئی تو اس کا اثر صرف کسانوں کی آمدن نہیں بلکہ آئندہ سال صوبے کی غذائی ضروریات پر بھی پڑ سکتا ہے